امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: ڈیموکریٹک پروگرسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئر مین غلام نبی آزاد نے جنوبی کشمیر میں بھی بارہمولہ لوک سبھا جیسے اچھے ووٹر ٹرن آؤٹ کی امید ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم ووٹنگ شرح سے نہ امید وار خوش ہوتا ہے اور نہ ہی لوگوں کو تسلی ہوتی ہے۔
موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار منگل کو نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ شمالی کشمیر میں ووٹنگ کی شرح 60 سے 70 فیصد ہوگی اور میں امید کرتا ہوں کہ جنوبی کشمیر میں بھی 70 سے 80 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوگی’۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھی ووٹنگ شرح سے جیتنے والا امید وار بھی خوش ہوتا ہے اور لوگوں کو بھی تسلی ہوتی ہے۔
غلام نبی آزاد نے کہا کہ ووٹنگ کی کم شرح سے امید وار خوش ہوتا ہے نہ ہی لوگوں کو تسلی ہوتی ہے بلکہ لوگ کچھ مانگ بھی نہیں سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیتنے والے امید وار کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے فرض کو نبھائے۔
قابل ذکر ہے کہ شمالی کشمیر کی پارلیمانی نشست پر 20 مئی کو ہونے والی پولنگ میں 59 فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی ہے جو انتخابی تاریخ میں 1967کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔
جنوبی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ کے لئے 25 مئی کو پولنگ ہوگی۔