امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : جموں و کشمیر میں ووٹ شماری کے پہلے رجحانات میں حیرت انگیز طور پر دو سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ بالترتیب اننت ناگ – راجوری اور بارہمولہ پارلیمانی حلقوں سے پیچھے چل رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، جموں و کشمیر میں ووٹ شماری کے ابتدائی مرحلوں میں عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی اپنے قریبی حریفوں کے مقابلے میں پیچھے چل رہے ہیں۔ عمر عبداللہ بارہمولہ لوک سبھا نشست سے جبکہ محبوبہ مفتی اننت ناگ – راجوری سیٹ سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ دونوں کیلئے یہ الیکشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
عمر عبداللہ اپنے قریبی حریف آزاد امیدوار عبد الرشید شیخ (انجینئر رشید) سے کم و بیش 61619 ووٹوں سے پیچھے چل رہے ہیں۔ انجینئر رشید کو 140073 ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ عمر عبداللہ 78454 ووٹ حاصل کرچکے ہیں۔ سجاد غنی لون جو کہ پیپلز کانفرنس کے امیدوار ہیں55906 ووٹ حاصل کرکے تیسر نمبر پر ہیں۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار اور سابق راجیہ سبھا ممبر میر فیاض کو ابھی تک 8372 ملے ہیں۔
انجینئر رشید اس وقت یو اے پی اے کیس میں تہاڑ جیل میں بند ہے۔ وہ ماضی میں لنگیٹ اسمبلی حلقے کی دوبار نمائندگی کر چکے ہیں۔ انکی عدم موجودگی میں انکے دو بیٹوں نے انکے لئے انتخابی مہم چلائی جس میں نوجوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ انجینئر رشید کے حق میں بھاری پیمانے پر ووٹنگ ہوئی ہے حالانکہ ابتدائی اندازے یہ لگائے جارہے تھے کہ انجینئر رشید کی بہتر کارکردگی کے باوجود نیشنل کانفرنس اس حلقے میں جیت درج کرسکتی ہے کیونکہ اس پارٹی کے ورکر سبھی علاقہ جات میں موجود ہیں۔ انجینئر رشید کو حکام نے پانچ اگست 2019 سے پہلے ہی گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس وقت انکے لئے انڈین ایڈمسٹریٹیو سروس کے افسر شاہ فیصل نے بھی انتخابی مہم چلائی تھی۔ شاہ فیصل نے سروس سے استعفیٰ دیکر سیاسی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن 5 اگست کے بعد انہیں گرفتار کیا تھا۔ رہائی کے بعد انہوں نے سیاست سے تائب ہوکر اپنا استعفیٰ واپس لیا اور اب دلی میں ایک اعلیٰ عہدے پر کام کررہے ہیں۔
ادھر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی، جو اننت ناگ – راجوری سیٹ پر ممتاز گوجر اور نیشنل کانفرنس لیڈر میاں الطاف احمد لاوری کے مدمقابل ہیں، 162263 سے زیادہ ووٹوں سے پیچھے ہیں۔ میاں الطاف کو 300512 ووٹ ملے ہیں جبکہ محبوبہ مفتی 138249 ووٹ لے چکی ہیں۔ اپنی پارٹی کے امیدوار ظفر اقبال منہاس، جنہیں بی جے پی کی حمایت حاصل ہے 62916 ووٹ حاصل کرچکے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کی جماعت ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کے امیدوار محمد سلیم پرے کو 12272 ووٹ ملے ہیں۔