امت نیوز ڈیسک //
سری نگر/الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (اِی سی آئی) نے عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 126 اے کے تحت جموں و کشمیر اسمبلی اِنتخابات ۔2024 ءکے دوران میڈیا اِداروں کے ذریعے کسی بھی’ ایگزٹ پول ‘کے اِنعقاد پر پابندی عائد کردی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اِنتخابی نتائج پر’ ایگزٹ پول ‘کی پابندی پولنگ کے پہلے دن پولنگ کے لئے مقرر ہ اوقات کے آغاز سے شروع ہوتی ہے اور جموں و کشمیر میں پولنگ کے اِختتام کے بعد آدھے گھنٹے تک جاری رہتی ہے۔جموں و کشمیر اسمبلی اِنتخابات 18 ستمبر 2024 ءسے جموں وکشمیر یوٹی میں 3 مرحلوں میں شروع ہونے والے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہریانہ اور جموں و کشمیر کی اسمبلیوں کے جاری عام اِنتخابات کے شیڈول کا اعلان پریس نوٹ نمبراِی سی یو / پی این / 128/2024 بتاریخ 16اگست 2024 اورپریس نوٹ نمبر اِی سی یو / پی این/132/2024 بتاریخ 31 اگست 2024 کے ذریعے کیا تھا۔نوٹیفکیشن میں عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 (آر پی ایکٹ 1951) کی دفعہ 126 اے کا اِستعمال کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ”کوئی بھی شخص پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے کوئی’ ایگزٹ پول‘ نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی دوسرے طریقے سے کسی’ ایگزٹ پول‘ کے نتائج کی تشہیر کرے گا۔نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ ذیلی دفعہ (1) کے مقاصد کے لئے الیکشن کمیشن ایک عام حکمنامے سے درج ذیل کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ اور وقت کو مطلع کرے گا، یعنی:عام اِنتخابات کی صورت میں یہ مدت پولنگ کے پہلے دن پولنگ کے اوقات کے آغاز سے شروع ہوسکتی ہے اور تمام ریاستوں اوریوٹیز میں پولنگ کے اِختتام کے بعد آدھے گھنٹے تک جاری رہ سکتی ہے۔ضمنی اِنتخابات یا ایک ساتھ ہونے والے متعدد ضمنی اِنتخابات کی صورت میں یہ مدت پولنگ کے پہلے دن پولنگ کے اوقات کے آغاز سے شروع ہوسکتی ہے اور پولنگ کے اِختتام کے بعد آدھے گھنٹے تک جاری رہ سکتی ہے۔اگر مختلف دنوں میں متعدد ضمنی اِنتخابات منعقد ہوتے ہیں تو یہ مدت پہلے دِن پولنگ کے اوقات کے آغاز سے شروع ہوسکتی ہے اور آخری پولنگ کے اِختتام کے آدھے گھنٹے بعد تک جاری رہ سکتی ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جو بھی شخص اِس دفعہ کی دفعات کی خلاف ورزی کرے گا وہ دو سال تک قید یا جرمانے یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔لہٰذا، آر پی ایکٹ 1951 کی دفعہ 126 اے کی ذیلی دفعہ (1) کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اور اسی دفعہ کی ذیلی دفعہ (2) کی دفعات کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن 18 ستمبر2024 (بدھوار) کو صبح 7بجے اور 5 اکتوبر2024 (سنیچروار) کو شام 6:30بجے کے درمیان کی مدت کو مطلع کرتا ہے۔ مذکورہ عام اِنتخابات کے سلسلے میں پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا سمیت کسی بھی طریقے سے’ ایگزٹ پول‘ کی اِشاعت یا تشہیر یا کسی اور طریقے سے نشر کرنے پر پابندی ہوگی۔مزید برآں، یہ واضح کیا جاتا ہے کہ آر پی ایکٹ 1951 کی دفعہ 126 (1) (بی) کے تحت مذکورہ بالا عام اِنتخابات کے سلسلے میں پولنگ کے اِختتام کے ساتھ ختم ہونے والی 48 گھنٹوں کی مدت کے دوران کسی بھی اِنتخابی معاملے بشمول رائے عامہ کے سروے یا دیگر اِنتخابی سروے کے نتائج کو کسی بھی الیکٹرانک میڈیا میں دِکھانا ممنوع ہے۔