امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: ضلع اننت ناگ میں آج کانگریس کی جانب سے ایک بڑی عوامی جلسے کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے، جس میں کانگریس کے صدر ملکاجن کھرگے، اے آئی سی سی جموں کشمیر انچارج بھارت سن سولنکی، جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری غلام احمد میر ،نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ،کانگریس کے سینئر رہنما پیرزادہ محمد سید سمیت دیگر کئی سینئر رہنما شرکت کر رہے ہیں۔
کھرگے نے کہا کہ سی بی آئی، ای ڈی وغیرہ کے زریعہ انڈیا اتحاد کے کارکنوں اور رہنماؤں کو ڈرانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، انڈیا اتحاد بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے اور ان کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار میں وہ دم نہیں رہا، سرکار نتیش کمار اور چندرا بابو نائیڈو کے سہارے پر چل رہی ہے،کیونکہ انڈیا اتحاد نے ان کی کی تانگیں توڑ دی ہیں، اگر انڈیا اتحاد کی حکومت بنتی تو وہ سب لوگ جیل میں ہوتے کیونکہ وہ اسی لائق ہیں۔
کھرگے نے کہا کہ این سی کانگریس اتحاد جموں کشمیر کو بچانے کے لئے آئی ہے، انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں مختلف سرکاری محکمہ جات میں ایک لاکھ اسامیاں خالی ہیں، کانگریس این سی اتحاد اس کو پورا کرے گی،کیونکہ بی جے پی نہیں چاہتی کہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار ملے، بی جے پی یہاں کے لوگوں کو غربت میں دیکھنا چاہتی ہے۔ اس کے علاوہ اتحادی حکومت یہاں پر سیاحت، انڈسٹریز و دیگر وسائل کے ذریعہ ترقی کی راہیں کھول دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے یہاں پر 4400 سرکار اسکول بند کئے ہیں، اتحادی حکومت ان کو فعال بنا دے گی اور بچوں کو تعلیم کے راستہ پر گامزن کرے گی، بی جے پی نے چاول کا کوٹا 11 کلو سے گھٹا کر 5 کلو کر دیا لیکن ہم کوٹا کو واپس 11 کلو کر دیں گے، پانی بجلی و دیگر ضروریات پر بھی کام کیا جائے گا۔ خواتین کو ہر ماہ 3 ہزار روپیہ وظیفہ کے طور پر دئے جائیں گے، خواتین کو بغیر سود 5 لاکھ روپئے قرض دیا جائے گا، لوگوں کو 25 لاکھ کا انشورنس کور فراہم کیا جائے گا، اس کے علاوہ کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری کو ممکن بنایا جائے گا۔








