امت نیوز ڈیسک //
سری نگر،: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے اپنے کھیت کھلیانوں میں آپریشنز جاری رکھنے کو کہا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 23 اکتوبر کی رات دیر گئے سے 24 اکتوبر کی صبح تک شمالی اور وسطی کشمیر میں کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 28 اور 29 اکتوبر کو بھی ایک کمزور مغربی ہوا داخل ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں ماہ اکتوبر کے اختتام تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں آنے والے دنوں کے دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج کمی درج ہوگی۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ کسان اپنے کھیت کھلیانوں میں آپریشنز جاری رکھ سکتے ہیں۔