امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے ملک بھر کے مسلمانوں سے وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے رمضان کے آخری جمعہ جسے الوداع جمعہ بھی کہا جاتا ہے، کو کالی پٹیاں باندھنے کی اپیل کی ہے۔
بورڈ نے ایکس پر ایک اپیل شیئر کی ہے، جس میں کہا گیا، "الحمدللہ، دہلی کے جنتر منتر اور پٹنہ میں دھرنا سائٹ پر مسلمانوں کے زبردست احتجاج نے کم از کم بی جے پی کے اتحادیوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ اب 29 مارچ 2025 کو وجئے واڑہ میں بھی ایک بڑا احتجاج ہونے جا رہا ہے۔”
بورڈ نے اس بل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک "سازش” قرار دیا جس کا مقصد مسلمانوں کو ان کے مذہبی اور خیراتی اداروں سے محروم کرنا ہے۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا۔ "یہ ملک کے ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بل کی سختی سے مخالفت کرے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ جمعہ الوداع کے دن مسجد میں آتے ہوئے سیاہ پٹی باندھ کر غم اور احتجاج کا خاموش اور پرامن اظہار کریں۔”
دریں اثنا، تمل ناڈو اسمبلی نے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن کے ذریعہ پیش کردہ وقف (ترمیمی) بل 2024 کے خلاف ایک قرارداد منظور کی ہے۔
اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وقف ترمیمی بل مسلمانوں کے خلاف ہے۔ "مرکزی حکومت ایسے منصوبے بنا رہی ہے جو ریاست کے حقوق، ثقافت اور روایت کے خلاف ہیں۔ ہندوستان میں مختلف ثقافتیں، روایات اور زبانیں موجود ہیں، لیکن وہ ریاستوں سے بدلہ لینے کی نیت سے ایسا کر رہی ہیں۔ وقف (ترمیمی) بل مسلمانوں کے خلاف ہے.
وزیراعلیٰ اسٹالن نے اسمبلی میں کہا کہ، "یہ وقف (ترمیمی) بل مسلمانوں کے حقوق کو تباہ کر رہا ہے۔ مرکزی حکومت نے مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے بارے میں کبھی نہیں سوچا ہے۔ اسی وجہ سے ہم اس کے خلاف قرارداد پاس کرنے کی حمایت میں ہیں۔










