امت نیوز ڈیسک ///
جموں:وزیر اعظم نریندر مودی نے اُدھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک (USBRL) پروجیکٹ کے تحت تعمیر کیے گئے دنیا کے بلند ترین ریل پل ’چناب پل‘ کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو کٹرا پہنچے جہاں انہوں نے پل کا از خود معائنہ کیا اور بعد ازاں وہ کٹرا سے سرینگر وندے بھارت ٹرین سروس کا رسمی طور افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم جمعہ کو ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے اُدھم پور سے پل کے نزدیک پہنچے، جہاں وہ پیدل چل کر ایس-70 ویو پوائنٹ تک گئے۔ اس مقام پر ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ستیش کمار نے انہیں منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مودی نے اس دوران ان انجینئروں سے بھی بات چیت کی جن کی کاوشوں سے یہ ’انجینئرنگ کا شاہکار‘ ممکن ہو سکا۔
اس موقع پر ریلوے کے مرکزی اشونی ویشنو، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ بھی موجود تھے۔ سفید کرتا پاجامہ اور سیاہ کوٹ پہنے مودی نے اس پروجیکٹ کی تعمیر کے عمل کو سمجھنے کی کوشش کی، جو دشوار گزار پہاڑی علاقوں سے گزر کر کشمیر کو ملک کے ریلوے نظام سے جوڑتا ہے۔
چناب ریل پل دنیا کا بلند ترین ریل پل ہے جو دریا کے سطح سے 359 میٹر بلند ہے۔ اس کی مکمل لمبائی 1315 میٹر ہے، جس میں 650 میٹر طویل شمالی حصہ شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ منصوبہ دسمبر 2003 میں منظور ہوا تھا، اور فروری 2008 میں اس کا ٹھیکہ دیا گیا، تاہم ستمبر 2008 میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کام روک دیا گیا۔ جولائی 2017 میں تعمیری کام دوبارہ شروع کیا گیا اور اگست 2022 میں پل کے آخری حصے کی تنصیب مکمل ہوئی، جبکہ مارچ 2023 میں ریل پٹری بچھا دی گئی۔
چناب پل کے بعد وزیر اعظم نے بھارت کے سب سے طویل کیبل-اسٹیڈ ریلوے پل ’انجی کھڈ پل‘ کا بھی دورہ کیا، جو شمالی ریلوے کی جانب سے USBRL منصوبے کا حصہ ہے۔ یہ پل انجی ندی پر رِیاسی اور کٹرا کے درمیان واقع ہے اور دریا کے سطح سے 196 میٹر بلند ہے۔ پل کی کل لمبائی 473.25 میٹر ہے جبکہ اس کا سب سے لمبا حصہ 290 میٹر پر مشتمل ہے۔







