امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کٹرا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُدھمپور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک کی تکمیل کو ہندوستان کے انفراسٹرکچر کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل اور قومی اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا: ’’ماتا ویشنو دیوی کے آشیرواد سے آج کشمیر ہندوستان کے وسیع تر ریلوے نیٹ ورک سے جُڑ چکا ہے۔ برسوں سے ہم ’کشمیر سے کنیاکماری‘ کا تصور کر رہے تھے، آج وہ خواب ریلوے کے ذریعے حقیقت بن چکا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کٹرا ریلوے اسٹیشن سے وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ جبکہ سرینگر سے بھی کٹرا کی جانب ٹرین روانہ ہوئی جس سے دہائیوں پرانا، کشمیر کو بھارت کے ریل نیٹورک سے جوڑنے کا، خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
وزیر اعظم نے بعد ازاں، طے شدہ پروگرام کے مطابق، کٹرا اسپورٹس اسٹیڈیم میں عوام سے خطاب کیا جس میں انہوں نے ریل افتتاح کو عظیم جشن قرار دیا۔ انہوں نے کہا: ’’آج کا یہ پروگرام بھارت کے اتحاد کا عظیم جشن ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کشمیر ریل منصوبے کو جذباتی حصولیابی قرار دیتے ہوئے کہا: ’’یہ کامیابی صرف تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ ایک جذباتی اور علامتی حصولیابی ہے۔‘‘
پی ایم مودی نے خطاب کے دوران کہا: ’’جموں و کشمیر کے لاکھوں لوگوں کا خواب آخرکار پورا ہو چکا ہے۔ یہ ہماری حکومت کا سوبھاگیا (خوش نصیبی) ہے کہ اس منصوبے کو ہماری مدت میں نئی جہت اور نئی رفتار ملی اور ہم اسے مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔‘‘ مودی نے USBRL منصوبے کو ایک انتہائی پیچیدہ اور مشکل ترین انجینیئرنگ چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا: ’’ہم نے چیلنج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔‘‘
یاد رہے کہ وزیر اعظم مودی نے وندے بھارت ریل اسیکسپریس کا افتتاح کرنے سے قبل دُنیا کے بلند ترین ریلوے پل ’’چناب ریل برج‘‘ کا دورہ بھی کیا اور اسے عوام کے نام وقف کیا۔ یہ پُل USBRL کا ایک حصہ ہے اور انجینئرنگ شاہکار تصور کیا جتا ہے۔ مودی نے اپنے دورے کے دوران انجینیئرز سے ملاقات کی اور اس عظیم منصوبے کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔
اس موقع پر مرکزی وزیر برائے ریلوے اشونی ویشنو، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ بھی موجود تھے۔







