امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 22 اگست : جموں و کشمیر محکمہ تعلیم نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ایسے 215 اسکولوں کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے جو مبینہ طور پر کالعدم تنظیم جماعتِ اسلامی اور فلاحِ عام ٹرسٹ (FAT) سے وابستہ تھے۔
حکم نامے کے مطابق وزارتِ داخلہ نے پہلے ہی جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر کو غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔ ان اسکولوں کے انتظامی کمیٹیوں کی مدت یا تو ختم ہوچکی تھی یا ان پر منفی رپورٹیں موصول ہوئی تھیں۔
حکومت نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی مجسٹریٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان اسکولوں کے انتظام کو فوری طور پر سنبھالیں، مستند جانچ کے بعد نئی کمیٹیاں تشکیل دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمی متاثر نہ ہو۔ مزید یہ کہ معیاری تعلیم کو قومی تعلیمی پالیسی (NEP) کے مطابق برقرار رکھا جائے۔
ان 215 اسکولوں میں اننت ناگ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، بڈگام، گاندربل، کولگام، کپواڑہ، پلوامہ، شوپیاں اور سری نگر کے مختلف علاقوں کے ادارے شامل ہیں۔








