امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 14 ستمبر: عام آدمی پارٹی نے اتوار کو اعلان کیا کہ اس نے اپنی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر اور موجودہ ایم ایل اے مہراج ملک کی پی ایس اے کے تحت ہوئی گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کرنے کے لیے 10 رکنی وکلاء کی ٹیم تشکیل دی ہے۔
اے اے پی کے سینئر لیڈر اور سابق دہلی وزیر عمران حسین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ پارٹی نے وکلاء کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو اس کیس کو عدالت میں لڑے گی۔
انہوں نے کہا:”اے اے پی اپنے ایم ایل اے مہراج ملک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، جنہیں پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ سینئر ایڈووکیٹ نرمَل کے کوٹوال کی قیادت میں ایڈووکیٹ مظفر خان، ایڈووکیٹ شیخ شکیل احمد اور ایڈووکیٹ اپو سنگھ (اسسٹنٹ کونسل) جبکہ اروند بندرال، جوگندر سنگھ ٹھاکر، گورو سرنگل، سندیپ شرما، عاصم ہاشمی اور ایم طارق مغل اس قانونی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔”
قابل ذکر ہے کہ 3 سالہ ایم ایل اے مہراج ملک کو 8 ستمبر کو ڈوڈہ میں عوامی نظم و ضبط خراب کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری کے بعد علاقے میں پرتشدد مظاہرے ہوئے، جس کے باعث حکام کو پابندیاں عائد کرنی پڑیں اور موبائل و براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئیں۔








