امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 31 اکتوبر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ ریاستی درجہ کے بغیر کام نہ کر پانے کا بہانہ بنا کر بے عملی کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے موجودہ اختیارات کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کریں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہا کہ حکومت اور عوامی نمائندوں کے پاس پہلے سے ہی فیصلے لینے اور پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے کے اختیارات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا، "یہ بہانہ نہیں بنایا جا سکتا کہ کام تب ہی ہوگا جب ریاستی درجہ واپس ملے گا۔ تمام اختیارات حکومت کے پاس ہیں۔ لوگوں کو گمراہ کرنے کے بجائے اپنی طاقت عوامی فلاح کے لیے استعمال کریں۔”
ایل جی سنہا نے مزید کہا کہ ترقی اور عوامی خدمات کو سیاسی بنیادوں پر مؤخر نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق، "سیاسی نعرے بازی کے بجائے حقیقی کام اور نتائج پر توجہ دی جائے، یہی قیادت کی اصل پہچان ہے۔”








