امت نیوز ڈیسک //
بڈگام، 9 نومبر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملا کر آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی کی راہ ہموار کی۔
رنگریٹ میں ایک عوامی جلسے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا، "محبوبہ مفتی کو گن کر بتانا چاہیے کہ انہوں نے کیا کیا۔ انہوں نے جی ایس ٹی قانون نافذ کیا، بی جے پی کو یہاں لائیں، اور آرٹیکل 370 اور 35A کے خاتمے کی بنیاد رکھ دی۔ ہمیں اس سے کیا حاصل ہوا؟”
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محبوبہ مفتی کو دوسروں پر تنقید کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے جب کہ ان کے اپنے فیصلوں نے جموں و کشمیر کو نقصان پہنچایا۔ "2016 میں تباہی ہوئی، بے شمار لوگوں کی جانیں گئیں، لیکن نہ انہوں نے 2016 کے لیے معافی مانگی، نہ ہی بی جے پی سے اتحاد پر افسوس ظاہر کیا،” انہوں نے کہا۔
بائیں بازو کی جماعتوں سے موازنہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا، "جب بائیں بازو نے جیوتی باسو کو وزیراعظم نہ بننے دینے کی غلطی کی تھی، تو انہوں نے اسے تاریخی غلطی مانا۔ کیا محبوبہ مفتی کم از کم یہ تسلیم نہیں کر سکتیں کہ بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانا ایک تاریخی غلطی تھی؟ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ وہ معافی مانگنے میں شرما کیوں رہی ہیں۔” (کے این او)










