امت نیوز ڈیسک //
جموں، 20 نومبر: جموں و کشمیر پولیس کی اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی نے جمعرات کے روز کشمیر ٹائمز کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی اُس شبہے کے تحت کی گئی کہ اخبار مبینہ طور پر ملک مخالف سرگرمیوں کو فروغ دے رہا تھا۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق، اخبار کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں الزام ہے کہ یہ "ملک کے مفادات کے خلاف سرگرمیوں کی ستائش اور تشہیر” میں ملوث تھا۔
ذرائع کے مطابق، ایس آئی اے اہلکاروں نے دفتر میں موجود تمام ریکارڈ اور کمپیوٹرز کی باریک بینی سے تلاشی لی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ اخبار اور اس کے منتظمین کے خلاف درج کیا گیا ہے اور آئندہ دنوں میں انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا جاسکتا ہے۔











