امت نیوز ڈیسک//
دبئی: متحدہ عرب امارات کے منسٹر آف ٹولیرنس شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے ایک نئے ہندو مندر کا افتتاح کیا۔ متحدہ عرب امارات کے رہائشی حسن سجوانی نے ٹویٹ کیا، "متحدہ عرب امارات کے منسٹر آف ٹولیرنس شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے دبئی کے شاندار اور نئے ہندو مندر کا افتتاح کیا۔
اس کا افتتاح دسہرہ کے تہوار سے ایک دن پہلے کیا گیا اور یہ مندر سندھی گرو دربار مندر کی توسیع ہے، جو متحدہ عرب امارات کے قدیم ترین ہندو مندروں میں سے ایک ہے۔ مندر کی بنیاد فروری 2020 میں رکھی گئی تھی۔ مندر آج سے سرکاری طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ہندو مندر کے منتظمین نے عقیدت مندوں کے داخلے کے لیے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے کیو آر کوڈ اپائنٹمنٹ بکنگ سسٹم کو بھی فعال کر دیا ہے۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے عقیدت مندوں کو بھیڑ اور دیگر پریشانیوں سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ اس سے مندر میں نظم و نسق اور سماجی دوری کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
مندر کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق داخلہ صبح 6:30 بجے سے رات 8 بجے تک کھلا رہے گا۔ داخلہ صرف ان عقیدت مندوں کے لیے دستیاب ہوگا جنہوں نے مندر کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے 5 اکتوبر کے لیے بکنگ کروائی ہے۔ روزانہ تقریباً 1000 سے 1200 عقیدت مند ہندو مندر میں جا سکتے ہیں۔








