امت نیوز ڈیسک ///
سرینگر:مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سرینگر میں جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ راج بھون میں منعقد کی گئی اس میٹنگ میں جموں کشمیر یونین ٹیریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ فوج، پولیس، نیم فوجی دستوں اور خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان نے حصہ لیا۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی افسران نے وزیر داخلہ کو موجودہ سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ عسکریت پسندی کے خلاف آپریشنز اور لائن آف کنٹرول پر موجودہ سیکورٹی بندو بست کی مفصل جانکاری بھی دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی افسران نے وزیر داخلہ کو یقین دلایا کہ جموں کشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں سیکورٹی صورتحال مجموعی طور بہتر ہے جبکہ عسکریت پسندی اور علیحدگی پسندی پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے ہدایت دی کی سیکورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ امن و امان برقرار رہے۔
قابل ذکر ہے کہ امیت شاہ جموں کشمیر کے تین روزہ دورے پر آئے ہوئے ہیں جس دوران انہوں نے گزشتہ روز راجوری میں عوامی ریلی سے خطاب کیا اور آج وہ بارہمولہ میں عوامی ریلی سے خطاب کرنے جا رہے ہیں۔
گزشتہ شب سرینگر کے راج بھون میں قریب بیس وفود وزیر داخلہ سے ملے جن میں بی جے پی کارکن معراج دین راتھر، جاوید بیگ، کے سی سی آئی صدر شیخ عاشق، تاجر شاہد کاملی، ابرار احمد، سیاسی کارکن سنجے صراف، سیاحت سے جڑے افراد رؤف ترمبو، جاوید برزا، فروٹ گرویرز ایسوسیشن کے صدر بشیر احمد بشیر شامل تھے۔







