(سرینگر) حیدرپورہ سرینگر جھڑپ میں عام شہریو ں کی ہلاکت کے خلاف مزاحمتی خیمے کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال پر پائین شہر کے بیشتر علاقوں میں سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے بیچ پوری وادی میں مکمل ہڑتال رہی، جسکے نتیجے میں معمول کی سرگرمیاں ٹھپ رہنے کے ساتھ ساتھ تمام بازار بند اور سڑکوں سے مسافر ٹرانسپورٹ غائب رہا۔ خیال رہے حیدر پورہ سرینگر جھڑپ میں عام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف حریت کانفرنس نے جمعہ کو ہڑتال کی کال دی تھی جس کے نتیجے میں وادی کشمیر کے تمام علاقوں میں مکمل بند اور لاک ڈاﺅن رہا۔ سرینگر شہر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی تھی۔ پولیس اور سی آر پی ایف کے سینکڑوں اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ اہلکاروں کو اہم سڑکوں ،چوراہوں اور شاہراہوں پر تعینات کیاگیا تھا۔ ادھر وادی کے دیگر اضلاع میں بھی مکمل ہڑتال رہی جسکی وجہ سے زندگی کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔ ہڑتال کی وجہ سے دکانیں اور کاروباری مرکز بند رہے۔ اس دوران سڑکوں پر جگہ جگہ بکتربند گاڑیاں تیاری کی حالت میں رکھی گئیں تھیں۔ مجموعی طور پر شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں شہری ہلاکتوں کے خلاف مکمل بند سے معمول کی زندگی متاثر رہی ۔










