(سرینگر) پیوپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے ذریعہ دفعہ 370 پر دئیے گئے بیان کو لے کر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر کشمیر کا سب سے بڑا جھوٹا فرد کا الزام لگایا۔ سرینگر میں سرکاری رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سجاد لون نے کہا کہ نیشنل کانفرس نے جموں و کشمیر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور یہاں کے عوام کو سب سے زیادہ تکلیف بھی دی ہے۔ انہوں نے کہ عمر عبداللہ کشمیر کے سب سے بڑے "ٹر باز” یعنی جھوٹے ہیں کیونکہ بی جے پی کے ساتھ پی ڈی پی سے قبل نیشنل کانفرنس نے ہی اتحاد کیا تھا۔ یاد رہے نیشنل کانفرس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے گزشتہ روز ضلع کشتواڑ میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سنہ 2014 میں پی ڈی پی کا بی جے پی کے ساتھ مخلوط سرکار تشکیل دینے سے ہی دفعہ 370 اور 35 اے منسوخ ہوا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اگر نیشنل کانفرنس اس وقت اقتدار میں ہوتی تو جموں و کشمیر کا خصوصی تشخص برقرار ہوتا۔ اسی بیان کے ردعمل میں سجاد لون نے آج عمر عبداللہ کو نشانہ بنا کر کہا کہ عمر اپنے آپ کو سب سے بڑا جھوٹا ثابت کر رہے ہیں۔ خیال رہے عمر عبداللہ کے بیان پر پی ڈی پی نے نرم الفاظ میں ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کو دیکھ کر سیاسی لیڈران کو تلخ اور متنازعہ بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے۔










