امت نیوز ڈیسک //
جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے یکساں تعلیمی کیلنڈر 2022-23ء کی ٹائم لائنز کا اَحترام کرتے ہوئے گیارویں جماعت کے سالانہ ریگو لر 2023ء کے نتائج کا اعلان کیا ہے جس میں جموں وکشمیر یوٹی اور لداخ یوٹی کے 53 فیصد طلباء کو کامیاب قرار دیا گیا ہے ۔
جموں و کشمیر پریس سروس کے موصولہ تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیر اور لداخ یوٹیز میں جماعت گیارویں سیشن کے سالانہ ریگولر 2023ء کے لئے کل 1,39٫431 طلباء کا اِندراج کیا گیا تھا جن میں سے 73,471 طلباء نے اِمتحان پاس کیا ہے۔
چیئر پرسن جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن پروفیسر ( ڈاکٹر ) پرکشت سنگھ منہاس نے گیارویں جماعت کے سالانہ ریگولر 2023ء کے اِمتحان کے پورے اِمتحانی عمل پر اَپنے اَطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے یکسان تعلیمی کیلنڈر کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بہترین رہنمائی او رتعاون کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا ،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، سیکرٹری ایجوکیشن آلوک کمار کا شکریہ اَدا کیا۔
اُنہوں نے تمام شراکت داروں کو بھی مُبارک باد دی اور پوری صوبائی اور ضلعی سطح کی اِنتظامی مشینری ، اِنڈیا پوسٹس ، جے کے بی او ایس اِی کے اَفسران اور ملازمین کی پوری ٹیم ، اَساتذہ جنہوں نے اِمتحان کے خوش اَسلوبی سے اِنعقاد کے لئے انتھک اِشتراک کیا اور تشخیص میں تعاون اور سبھی کا شکریہ اَدا کیا۔ دوسرے لوگ جنہوں نے حکومت کے اس ویژن کی کامیابی میں بالواسطہ یا بلا واسطہ تعاون کیا ہے جس میں دونوں یوٹیز کے تمام طلباء کو ایک ہی تعلیمی سیشن میں اِکٹھا کیا گیا اور ان کا نتیجہ کامیابی کے ساتھ اعلان کیا گیا۔
چیئر پرسن جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے کہا ہے کہ جو طلباء اس بار ناکام ہوئے اُنہیں حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے اور نئے جوش کے ساتھ دوبارہ کوشش کرنی چاہیے۔ (جموں و کشمیر پریس سروس)






