(لندن) لندن میں بیروزگاری سے پریشان شخص نے پیسے کمانے کا منفرد طریقہ ڈھونڈ لیا۔ فریڈی بیکٹ مصروف اورامیر لوگوں سے پیسے لے کران کی جگہ لائن میں لگ کرمختلف شوز، فنکشنز اورایونٹس کے ٹکٹ خریدتے ہیں۔ اپنے کام سے خوش فریڈی بیکٹ کا کہنا ہے کہ لندن کا رہائشی ہونے کے ناطے لائن میں لگنے کی عادت تو تھی ہی بس اس عادت کو میں نے کمائی کا ذریعہ بھی بنا ڈالا۔ فریڈی کے مطابق لندن میں گرمیوں کے موسم میں کام عروج پرہوتا ہے اوران کی آمدنی بھی اسی حساب سے بڑھ جاتی ہے۔ بعض مقبول ایونٹس کے لئے گھنٹوں لائن میں لگنا پڑتا ہے لیکن جب آمدنی اچھی ہوتو تھکن بھی اترجاتی ہے۔ فریڈی بیکٹ اب اپنا اشتہارسوشل میڈیا پربھی دینے لگے ہیں اوران کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔











