امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: کانگریس کے سینئر رہنما اور پارلیمنٹ میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے جمعہ کو سرینگر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی، اور حکومت کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ راہل گاندھی نے پہلگام حملے کے پیش نظر آج کشمیر کا دورہ کیا اور پہلگام حملے میں زخمی ہوئے افراد کی عیادت کی۔
راہل گاندھی آج دوپہر ایک بجے سرینگر ایئرپورٹ پہنچے اور فوری طور پر آرمی اسپتال، بی بی کینٹ پہنچے جہاں انہوں نے ایک زخمی سیاح کی عیادت کی۔ بعد ازاں وہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور ایل جی منوج سنہا سے ملاقات کے لیے روانہ ہوئے۔
میڈیا سے مختصر بات چیت میں راہل نے کہا: ’’میں نے وزیر اعلیٰ اور ایل جی سے ملاقات کی، انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ میں نے انہیں یقین دلایا کہ میں اور میری جماعت ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
کانگریس رہنما نے پہلگام حملے کے بعد ملک کے دیگر حصوں میں کشمیری طلبا پر حملوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’افسوس ہے کہ کچھ لوگ میرے کشمیری بھائیوں اور بہنوں پر حملے کر رہے ہیں۔ ہمیں متحد ہو کر ملی ٹینسی کو شکست دینی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کا مقصد سماج کو تقسیم کرنا اور لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا ہے، جسے ہر ہندوستانی کو ناکام بنانا ہوگا۔
راہل گاندھی نے بتایا کہ انہوں نے ایک زخمی سے ملاقات کی، جبکہ دیگر زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات ممکن نہ ہو سکی کیونکہ وہ اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے تھے۔
کانگریس رہنما نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اپوزیشن جماعتوں نے جمعرات کو حکومت کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کی اور ’’جو بھی اقدام حکومت کرنا چاہتی ہے، ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔‘‘









