امت نیوز ڈیسک //
وزیراعظم نریندر مودی ان دنوں یورپی ملک سائپرس کے دورے پر ہیں اور اپنے دورے کے دوسرے دن انہیں سائپرس کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ وزیراعظم مودی یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے 23ویں رہنما بنے ہیں۔ اس موقع پر مودی نے کہا کہ یہ اعزاز صرف میرا نہیں بلکہ ہندوستان کے 140 کروڑ عوام کا ہے۔ وزیراعظم نے کہا: “میں یہ اعزاز بھارت اور سائپرس کے دوستانہ تعلقات اور ہماری باہمی سمجھ بوجھ کے نام کرتا ہوں۔” سائپرس کے دارالحکومت نیکوسیا میں صدر نکوس کریسٹوڈاؤلیڈیس نے وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز گرینڈ کراس آف دی آرڈر آف مکارائیوس III سے سرفراز کیا۔
یہ اعزاز دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے— وزیراعظم مودی
اعزاز ملنے کے بعد وزیراعظم نے کہا: “اس اعزاز کے لیے میں سائپرس کے صدر، حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ صرف نریندر مودی کا اعزاز نہیں ہے، بلکہ یہ 140 کروڑ بھارتی شہریوں کا اعزاز ہے، ان کی طاقت اور امنگوں کا اعزاز ہے۔ یہ ہمارے ملک کی ثقافتی روایات، بھائی چارے اور ‘وسودھَیو کُٹُمبکم’ (ساری دنیا ایک کنبہ ہے) کی سوچ کا اعزاز ہے۔”
وزیراعظم نے مزید کہا: “میں تمام بھارتیوں کی جانب سے یہ اعزاز عاجزی اور تشکر کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔ یہ اعزاز امن، سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ہمارے عوام کی خوشحالی کے لیے ہماری پختہ وابستگی کا بھی مظہر ہے۔ میں اسے بھارت اور سائپرس کے تعلقات کی ایک ذمے داری کے طور پر قبول کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقت میں ہماری شراکت داری نئی بلندیوں کو چھوئے گی، اور ہم مل کر نہ صرف اپنے ممالک کی ترقی کریں گے بلکہ دنیا میں ایک پرامن اور محفوظ ماحول کے قیام میں بھی کردار ادا کریں گے۔”
صدراتی محل میں رسمی استقبال
وزیراعظم مودی کا آج پیر کے روز نیکوسیا میں واقع صدراتی محل میں سرکاری طور پر استقبال کیا گیا۔ صدر نکوس کریسٹوڈاؤلیڈیس نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم مودی تین ممالک کے دورے کے پہلے مرحلے میں کل اتوار کو سائپرس پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے نیکوسیا میں صدر کے ساتھ تجارتی حلقوں کے رہنماؤں سے ایک گول میز ملاقات میں حصہ لیا، اور سرمایہ کاری، تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی بات کی، کیونکہ اس علاقے میں ترقی کی بہت گنجائش ہے۔
کاروباری رہنماؤں سے ملاقات
اتوار کے دن سائپرس پہنچنے کے بعد، وزیراعظم مودی نے دارالحکومت نیکوسیا میں سائپرس اور بھارت کے کاروباری رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا: “23 سال بعد کوئی بھارتی وزیراعظم سائپرس آیا ہے، اور پہلا پروگرام کاروباری افراد کے ساتھ گول میز نشست تھا، جو اس بات کا مظہر ہے کہ اقتصادی روابط دونوں ملکوں کے تعلقات میں کتنے اہم ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ کئی بھارتی کمپنیاں سائپرس کو یورپ کے دروازے کے طور پر دیکھتی ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی اپنی تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں سائپرس پہنچے ہیں۔ اس کے بعد وہ کینیڈا اور کروشیا کا بھی دورہ کریں گے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں یہ کسی بھارتی وزیراعظم کا پہلا دورۂ سائپرس ہے۔








