امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں و کشمیر کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے جمعہ کو لوک سبھا میں صحافی ارفاز ڈینگ کے گھر کے انہدام کا معاملہ اٹھاتے ہوئے حکومت سے قانونی تقاضوں کی پاسداری کا مطالبہ کیا اور مبینہ طور پر بڑھتے ہوئے امتیازی اقدامات پر سوال کھڑے کیے۔
ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے آغا روح اللہ نے جموں کے رہائشی کلدیپ شرما کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ارفاز ڈینگ کے لیے اپنی زمین وقف کی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کا گھر “بغیر کسی نوٹس کے غیر قانونی طور پر گرایا گیا”، جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔
سری نگر کے ایم پی نے کہا کہ کلدیپ شرما کا یہ عمل اس بات کی مثال ہے کہ “چاہے ذہنوں کو زہر آلود کرنے کی جتنی بھی کوششیں ہوں، ہم ایک ہیں۔”
انہوں نے الزام لگایا کہ ایک مسلم صحافی کے گھر کا انہدام قانونی طریقہ کار کے بغیر کیا گیا اور سوال اٹھایا کہ کیا اب اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان اس بات کی “مسابقت” چل رہی ہے کہ کون زیادہ مسلمانوں کے گھر گرائے گا۔
اس دوران چیئر مین دلیپ ساکیہ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے اندر وزیر اعلیٰ یا لیفٹیننٹ گورنر کا نام لینا قواعد کے خلاف ہے۔
مداخلت جاری رکھتے ہوئے آغا روح اللہ نے مزید پوچھا کہ ملک “قوانین کے تحت چلے گا یا اسرائیل سے درآمد کی گئی اسلاموفوبک آئیڈیولوجی کے تحت؟” جس پر چیئر نے ایک بار پھر مداخلت کی اور یہ اصطلاح کارروائی سے حذف کرنے کا حکم دیا۔











