امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے سکیورٹی خدشات کے پیش کوکرناگ کے بلند پہاڑیوں پر ٹریکنگ، کیمپنگ اور ہائیکنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کوکرناگ نے مرگن ٹاپ، چوہر ناگ اور سنتھن ٹاپ کے بلند و بالا پہاڑی علاقوں میں ٹریکنگ، کیمپنگ، ہائیکنگ اور اسی نوعیت کی تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ سنگین سیکورٹی اور عوامی تحفظ سے متعلق خدشات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔
ایس ڈی ایم کوکرناگ پرنس کمار کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں سے موصول ہونے والی اطلاعات میں سب ڈویژن کے بعض جنگلاتی اور بلند پہاڑی علاقوں میں ممکنہ سکیورٹی خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ حکم نامے میں حالیہ ایسے واقعات کا بھی ذکر ہے جن میں بعض افراد نے رات کے اوقات میں پولیس ناکوں اور چیک پوائنٹس عبور کرنے کی کوشش کی، جس سے سلامتی اور تحفظ کے حوالے سے تشویش پیدا ہوئی۔
بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (بی این ایس ایس) 2023 کی دفعہ 163 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ایس ڈی ایم نے مذکورہ علاقوں میں فوری طور پر ان تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) لارنُو کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ناکوں اور چیک پوائنٹس پر نقل و حرکت کو منظم کریں۔
عوام الناس کو سختی سے اس حکم کی پابندی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پابندی حکم نامے کے اجرا کی تاریخ سے دو ماہ تک نافذ العمل رہے گی، جب تک کہ اسے قانون کے مطابق پہلے واپس نہ لیا جائے یا اس میں توسیع نہ کی جائے۔
واضح رہے کہ، مرگن ٹاپ ،سنتھن ٹاپ ،ژہر ناگ اننت ناگ کے کوکرناگ سب ڈویژن اور جموں ڈویژن کے کشتواڑ کے درمیان واقع ہیں، جو سیاحتی اعتبار سے کافی خوبصورت ہیں ،ان پہاڑیوں پر جہاں موسم گرما میں سیاحوں کی بڑی آمد ہوتی ہے وہیں موسم سرما میں،ٹریکرس ان برف پوش پہاڑیوں کا رخ کرتے ہیں، مرگن اور سنتھن پہاڑوں سے دو اہم شاہراہیں بھی گزرتی ہیں جو جموں صوبہ کے وادئے چناب میں واقع کشتواڑ، مڑواہ واڑون کو کشمیر کے اننت ناگ ضلع سے جوڑتا ہے۔









