(سرینگر) نمچہ بل سرینگر میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں کم سے کم نصف درجن رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق نچہ بل سرینگر میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب قریب بارہ بجے ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائر ٹنڈرس، پولیس اور مقامی لوگوں نے انتہائی مشقت کرکے آگ کو قابو میں کر لیا لیکن کم سے کم چھ رہائشی مکانوں کو خاکستر ہونے سے نہ بچا سکے۔ خاکستر شدہ مکانوں کے مالکان محمد رفیق میر، اویس احمد میر، محمد اشرف میر، جلال الدین ڈار،محمد رفیق ترمبو، پروین بانو اور وسیم احمد ڈار ہیں۔ دریں اثنا پولیس نے اس معاملے کا نوٹس لے کر کارروائی شروع کی ہے۔










