سری نگر// جموں وکشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے تحصیلدار پانتھ چوک سری نگر ماجد چودھری اور کلرک کو 1لاکھ 20 ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو میں ایک شخص نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ تحصیلدار پانتھ چوک سری نگر ماجد چودھری اور کلرک پیر وسیم احمد نے اراضی کاغذات کے حصول کی خاطر ایک لاکھ 61 ہزار روپیہ کی رشوت کا تقاضہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شکایت کنندہ کی التجا پر دونوں آفیسران نے قسطوں میں رشوت کی رقم دینے کی بات کئی اور پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ 20ہزار ادا کرنے کو کہا ۔
ترجمان نے کہاکہ ملزمان کو رشوت کی رقم ادا کرنے سے قبل شکایت کنندہ نے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا تاکہ دونوں راشی آفیسران کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
شکایت موصول ہوتے ہی اینٹی کرپشن بیورو نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 32 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
اینٹی کرپشن بیورو نے جال بچھایا جس دوران تحصیلدار پانتھ چھوک ماجد چودھری اور کلرک پیر وسیم احمد کو ایک لاکھ 20ہزار روپیہ کی رشو ت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں د بوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی نے بتایا کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں تحصیلدار اور کلرک سے ایک لاکھ 20 ہزار روپیہ کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی۔
وہیںرشوت لینے کیلئے استعمال کی جانے والی سرکاری گاڑی جے کے01اے ایل 8277(بولیرو) کو بھی اے سی بی نے ضبط کر لیا۔ آزاد گواہوں کی موجودگی میں ان کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ اس کے بعد ملزمان سے وابستہ مختلف مقامات پر تلاشی لی گئی۔وہیں کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تحصیلدار کی گرفتاری کے بعد متعدد مقامات پر چھاپے بھی ڈالے گئے اورا س حوالے سے مزید انکشافات متوقع ہے۔









