(سرینگر) وادی بھر میں عیدمیلادالنبیؐ کی تقریبات کااہتمام انتہائی عقیدت واحترام کیساتھ کیاگیا۔ اس مناسبت سے سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جبکہ وادی بھر میں جشن میلادؐ کے سلسلے میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ آثار شریف حضرتبل میں کثیر تعداد میں مرد وزن نے نمازفجر اور دیگر نمازوں کے بعد دیدار موئے مقدسؐ کا فیض حاصل کیا ۔عید میلاد النبی ؐکی مناسبت سے لوگوں نے رات بھر روح پرورشب خوانی میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا،جس کے دوران محدود عقیدتمندوں نے حاضری دی۔جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سید صاحب سونہ وار کے ساتھ ساتھ،آثار شریف پنجورہ شوپیان،کعبہ مرگ،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان، اہم شریف بانڈی پورہ اور دیگر کئی مقامات پرواقع زیار ت گاہوں،آستانوں اور مساجد میں بھی عیدمیلادالنبیؐ کے موقعہ پر روح پرور تقاریب کا اہتمام ہوا۔ مختلف علاقوں میں عیدمیلادالنبی ؐ کی مناسبت سے خصوصی اجتماعات کااہتمام کیاگیا ۔ وادی کے شمال و جنوب میں عید میلادؐ کی مناسبت سے دن بھر جلوسوں کا سلسلہ بھی جاری رہا،جس میں مرد و زن کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے جشن میلادؐ میں حصہ لیا۔وادی بھر میں مساجد کی انتظامیہ کمیٹیوں کی طرف سے جشن میلاد ؐ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں اور یہ سلسلہ شام تک جاری رہا۔ریلیوں اور جلوسوں میں زیادہ تر سکولی بچوں نے شرکت کی۔