(سرینگر) کشمیرمیں پہلی بار لالچوک سرینگر میں خواتین فورسز اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا جنہوں نے راہ چلتی خواتین کی جامہ تلاشیاں لیں۔سی آر پی ایف خواتین اہلکاروں لال چوک سے گزرنے والی خواتین کے بیگوں،لفافوں اور دوسری چیزوں کی تلاشیاں لیں۔ لالچوک کے علاوہ جہانگیر چوک،مولانا آزاد روڑ،بمنہ،پارمپورہ، بائی پاس،نوگام،،جواہر نگر،رام باغ،سونہ وار اور پائین شہر کے کئی علاقوں میں راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشیوں کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔حالیہ شہری ہلاکتوں کے بعد سرینگر سمیت دیگر جگہوں پر سیکورٹی کو سخت کردیا گیا ہے جبکہ منگل کو سینکڑوں موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں پہنچایاگیا۔ شہری میں داخل ہونے والے راستوں کے علاوہ تھانوں کے نزدیک پولیس اور فورسز نے موٹر سائیکل سواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی اور اس دوران رام باغ،سعدہ کدل،بر بر شاہ،سونہ وار ، گھنٹہ گھر، بٹہ مالو اور سیول لائنز کے دیگر علاقوں میں بغیر کاغذات سینکڑوں موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا گیا۔ شہر کے پولیس تھانے کے باہر رات دیر گئے تک نوجوان اپنے والدین کے ہمراہ انتظار کررہے تھے۔