(سرینگر) وزیراعظم نریندر مودی نے نوشہرہ سیکٹر راجوری میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ دیوالی منائی جس دورا ن انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام چین کی نیند اسلئے سو پارہے ہیں کیوں کہ فوجی جوان سرحدوں پر جاگتے رہتے ہیں۔ پی ایم نے نوشہرہ میں فوج کے جوانوں سے کہا کہ ہر ہندوستانی کو سرجیکل اسٹرائیک کے دوران اس بریگیڈ کے کردار پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سیکورٹی فورسز کے لیے دفاعی ساز و سامان کی خریداری میں برسوں لگتے تھے۔ دفاعی شعبے میں خود انحصاری کا عزم ہی پرانے طریقوں کو تبدیل کرنے کا واحد راستہ ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی کو جموں خطے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔ وزیر اعظم کی راجوری آمد کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات بھی سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی سرحدوں پر بھی فوج الرٹ ہے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ فوجی سربراہ اور دیگر فوجی و سیول حکام بھی موجود ہیں۔