(سرینگر) کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے حیدر پورہ تصادم کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پیر کی شب سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہونے والے تصادم میں ایک پاکستانی جنگجو سمیت دو جنگجو، ایک جنگجو اعانت کار اور مکان مالک مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مکان مالک کی موت طرفین کے درمیان ہوئے گولیوں کے تبادلے میں واقع ہوئی جبکہ جنگجو اعانت کار کی موت واقع ہونے کی وجوہات کے بارے میں فی الوقت کچھ بھی نہیں بتایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و قانون کی صورتحال میں رخنہ پڑنے کے خدشات کے پیش نظر مالک کان اور جنگجو اعانت کار کی لاشوں کو لواحقین کے سپرد کرنے کے بجائے ہندوارہ میں پیر کی صبح سپرد خاک کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تصادم میں ہلاک ہونے والا جنگجو اعانت کار مدثر گل فرضی کال سینٹر چلا رہا تھا اور اس نے کال سینٹر کا ایک کمرہ جنگجوؤں کو پناہ لینے کے لئے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کی شام سرینگر کے جمالٹہ نوا کدل علاقے میں ایک پولیس اہلکار پر گولیاں چلانے والے جنگجو کو مدثر گل نے ہی اپنی گاڑی میں اٹھا کر حیدر پورہ لایا تھا اور اس کو کرایے پر لئے کمرے میں رکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگجوؤں کی اس کمین گاہ سے کافی سامان بر آمد ہوا ہے۔