(سری نگر) بدھ شام کو سرینگر کے رام باغ علاقے میں ہوئے مختصر تصادم کے دوران ٹی آر ایف کے اعلیٰ کمانڈر سمیت تین جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ سری نگر کے رام باغ علاقے میں ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سری نگر پولیس کے چند اہلکاروں نے مشتبہ سینٹرو گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس دوران نجی گاڑی میں موجود ملی ٹنٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کرکے جائے وقوع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں تین ملی ٹنٹ جن کی بعد میں شناخت (ٹی آر ایف کمانڈر) مہران یاسین شالہ ساکن جمالٹہ سری نگر، منظور احمد میر ساکن ببہ ہار پلوامہ اور عرفات احمد شیخ ساکن نکلورہ پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ریکارڈ میں مہلوک ملی ٹنٹ ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ (ٹی آر ایف ) کے ساتھ وابستہ تھے اور وہ اُس گروپ کا حصے رہے ہیں جس نے حال کے ایام میں سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملے کئے تھے۔
ادھرواقعہ کے فورا بعد رام باغ کی مصروف ترین سڑک سنسان ہوئی اور سولنہ کے علاوہ بازلہ اور باغات کے علاوہ نٹی پورہ چوک میں گاڑیاں روک دی گئیں، تینوں ملی ٹینٹوں کی لاشیں پولیس کنٹرول روم پہنچائی گئیں۔ بعد میں سڑک پر پڑے خون کے دھبے دھوئے گئے اور کافی دیر کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کی گئی۔ اس کے فوراً بعد مقامی خواتین اور دیگر کئی لوگ یہاں جمع ہوئے اور انہوں نے ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کیا۔کافی دیر تک یہاں نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا جس دوران پتھرائو بھی ہوا۔ فورسز اور نوجوانوںکے بیچ پر تشدد جڑپیں کافی دیر تک جاری رہیں۔ مظاہرین کو فورسز نے بعد میں منتشر کیا۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ مشتبہ ملی ٹنٹنوں کی جانب سے کوئی فائرنگ نہیں ہوئی اور پولیس نے ان تین نوجوانوں کو گاڑی سے اتار کر ہلاک کیا۔ ادھر نواب بازار جمالٹہ میں بھی پتھرائو کے واقعات پیش آئے تاہم ان پر فوری طور قابو پایا گیا۔