(لکھنو) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کے عزائم نہیں رکھتا ہے تاہم اگر کوئی ہمارے ملک کی سالمیت کے خلاف سازشیں کرے گا یا زور آزمائی کرے گا تو ہماری فوج ہر قسم کی جارحیت کے خلاف بھر پور جواب دینے کےلئے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے فوج کو مکمل آزادی دے رکھی ہے ۔ وزیر دفاع نے کانگریس کوہدف تنقیدبتاتے ہوئے کہا کہ ان کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں دہائیوں تک حالات خراب رہے تاہم اب وہاں حالات باالکل ٹھیک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اپنے منشور کے تمام وعدوں کو پورا کرتی ہے۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے انہوں نے رام مندر بنانے، جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کا وعدہ کیا تھا۔ جیسے ہی پی ایم مودی دوبارہ وزیر اعظم بنے، جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ایک چٹکی میں ہٹا دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کی زمین پر ایک عظیم الشان رام مندر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار جونپور کےکاشی علاقے میں بوتھ صدر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کیا۔راجناتھ سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ایم مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ملٹنسی پر لگام لگائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اوڑی اور پلوامہ میں ملٹنسی اور تشددکے واقعات کے بعد بی جے پی حکومت نے جو کچھ کیا ہے اس کی نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں بحث ہو رہی ہے۔ اڑی اور پلوامہ کے واقعے کے بعد ملک نے دنیا کو یہ اشارہ دیا ہے کہ ہمارے ملک میں یہ طاقت ہے کہ اگر کوئی ہمیں چھیڑتا ہے تو ہم نہ صرف ہندوستان کے اس طرف بلکہ دوسری طرف سے بھی حملہ کر سکتے ہیں۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے بوتھ ورکرس پارٹی کے لیے اتنے ہی اہم ہیں جتنے ایک جوان فوج کے لیے۔ بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ملک کی فوج مضبوط ہوئی ہے۔ اسی طرح کارکنوں کی وجہ سے بی جے پی ملک کی سب سے مضبوط پارٹی بن گئی ہے۔ راجناتھ سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ پی ایم مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی شبیہ کو فائدہ پہنچا ہے۔ ہندوستان جو بھی بولتا ہے، دنیا سنجیدگی سے سنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بھارت کو کمزور سمجھتے تھے لیکن ہم نے ایسا کرکے یہ بھی دکھایا کہ یہ ملک کمزور نہیں ہوا بلکہ دنیا کا طاقتور ملک بن گیا ہے۔