(بانڈی پورہ) ضلع بانڈی پورہ کے نادی ہل علاقے میں آج پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس میں سینئر رہنماء نعیم اختر، محبوب بیگ، ضلع صدر پی ڈی پی بانڈی پورہ، حاجن بلاک صدور و دیگر سینئر کارکنان اور سینکڑوں ورکرس شامل تھے۔ اجلاس کے دوران بیشتر رہنماء نے دفعہ 370 کی منسوخی کے اثرات اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بات کی۔ اس موقع پر سینئر رہنماء محبوب بیگ اور نعیم اختر نے کہا کہ 5اگست 2019 کے بعد کشمیر میں اگر کسی نے اس کے خلاف آواز اٹھائی تو وہ واحد محبوبہ مفتی تھیں اور اگر کشمیر میں موجودہ حالات اور عام انسانوں کی قتل و غارت کے خلاف آواز اٹھائی ہے تو وہ واحد محبوبہ مفتی ہے۔ اس موقع پر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے حوالے سے بی جے پی یوپی اور بہار کو کشمیر نہیں بناسکی بلکہ اس کی کوشش ہے کہ وہ کشمیر کو ہی یو پی اور بہار بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بی جے پی کی جانب سے ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔ بی جے پی اب کانگریس کو بھی توڑنا چاہتی ہے۔ دفعہ 370 کو ایک دن واپس کرنا ہی ہوگا۔