(جموں) نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ کا کہنا ہے کہ آئین ہند ہر کسی کو آزادی اور حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہم اپنے حقوق کی بحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا جموں وکشمیر کے عوام سے چھینے گئے حقوق کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس اپنی پُر امن جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان باتوں کا اظہارموصوف نے شیر کشمیر بھون جموں میں پارٹی کی شیڈول کاسٹ ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں کی یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت افسر شاہی مسلط کی گئی ہے جس وجہ سے لوگوں کے مسائل حل ہی نہیں ہو رہے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی ریاست کا حق نہیں مانگتے، ہم وہ مانگتے ہیں جو ہم سے جبری طورپر چھینا گیا۔ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے کہا کہ دفعہ 370 کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس ہر محاز پر اپنی آواز بلند کرتے رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس قانون کی واپسی کو لے کر پُر امن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ فاروق عبدا ﷲ کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں آتش فشاں تیار ہو رہا ہے، اس سے پہلے یہ آتش فشاں ہم سب کو لے ڈوبے جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ این سی سرپرست اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کو ہر طبقہ کے لوگوں کےساتھ انصاف کرنا چاہئے اور تمام پسماندہ اور پچھڑے ہوئے طبقوں کی زندگی کا معیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ روزگار فراہم کرنے کی راہیں مسدود کر دی گئی ہں اور آج یہاں کی انتظامیہ ہریانہ ، پنجاب اور دیگر ریاستوں سے لوگوں کو لا کر نوکریاں فراہم کر رہی ہیں جو ناقابل برداشت ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے کل پارلیمنٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ میڈیا کو روکنے کیلئے کوئی بھی آرڈر نہیں نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکارکی یہ پینترےبازی زیادہ دیر نہیں چلے گی ایک دن ضرورر ایسا آئے گا جب آپ کے یہ تمام ایسے آرڈر سامنے آجائیں گے اور اُس وقت آپ کو اپنے ان کارناموں کا جواب دینا ہوگا۔