(سرینگر) جموں و کشمیر میں سیاحت کی طرف سرکار خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کے نتیجے میں یوٹی میں صرف ایک مہینے میں ایک لاکھ سے زیادہ سیاح وادی وارد ہوئے ہیں جبکہ رواں برس گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں سیاحتی سیزن کےلئے کافی بہتر رہا۔ جموں وکشمیر کے سیاحت کے محکمے نے اس سال صرف ایک مہینے نومبر میں ہی مرکز کے انتظام والے علاقے میں ایک لاکھ 27 ہزار 605 سیاحوں کی تعداد کے ساتھ سب سے زیادہ سیاحوں کی تعداد درج کی ہے۔ مقامی اور بیرونی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے سیاحت محکمہ ملک کے بڑے شہروں میں مختلف روڈ شوز کا انعقاد کررہا ہے اور جموں وکشمیر میں سیاحت سے متعلق پروگراموں، سرگرمیوں اور مقامات کے تعلق سے بیداری پیدا کررہا ہے۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون مہتا نے سیاحتی محکمے سے ایک مربوط طریقے سے جامع سہولیات کو فروغ دیتے ہوئے 75 نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کیلئے کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں رواں برس سب سے زیادہ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا جبکہ اس وقت سخت سردی کے باوجود بھی کافی تعداد میں ٹورسٹ وارد کشمیر ہورہے ہیں۔ (ایجنسیاں)