(سرینگر) کرائم برانچ کشمیر نے آر پی سی کے تحت ایف آئی آر نمبر 47/2016 زیر دفعہ 420 ،468 ،471 ،120بی ، 109 کے تحت سری نگر کی ایک عدالت میں سرکاری نوکریوں کا جھانسہ دے کر لوگوں سے پیسے وصولنے والے ریکٹ کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔ کرائم برانچ کےایک بیان کے مطابق، ایف آئی آر سی آئی ڈی ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر سے ایک مواصلت کے بعد درج کی گئی تھی، جس کے تحت یہ ذکر کیا گیا تھا کہ سی آئی ڈی جموں و کشمیر کو مبینہ طور پر چیئرمین اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے کردار کی تصدیق/ تخریبی سرگرمیوں میں عدم شمولیت کے حوالے سے ایک مواصلت موصول ہوئی ہے۔ کرائم برانچ نے کہا کہ ان افراد کے حوالے سے تصدیقی فہرستیں مواصلت کے ساتھ منسلک نہیں پائی گئیں اور اس کے مطابق معاملہ متعلقہ بینک حکام کے ساتھ اٹھایا گیا اور مواصلت کے جواب میں بتایا گیا کہ چیئرمین ایس بی آئی کی طرف سے بھیجا گیا خط جعلی ہے۔ من گھڑت ہے اور اسے اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے جاری نہیں کیا ہے۔ مذکورہ مواصلات امیدواروں کو دھوکہ دینے کے لیے جعلسازی سے تیار کیا گیا ہے۔ ان مواصلات کی بنیاد پر مقدمہ ایف آئی آر زیر نمبر 47/2016 کرائم برانچ کشمیر میں درج کیا گیا تھا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ کرائم برانچ کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمین نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں امیدواروں کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر ان سے4 لاکھ روپے وصول کئے۔