(سرینگر) سرینگر میں ٹریفک جام کی بدعت سے نجات پانے کی خاطر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے ایک خصوصی مہم شروع کی جس کے تحت خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیوروں کے خلاف موقع پر ہی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر سری نگر نے ڈرائیوروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب بہانہ بازی نہیں چلے گی بلکہ خاطی ڈرائیوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اعجاز اسد نے آج لالچوک میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ عوام الناس کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد لالچوک، ریگل چوک، ڈلگیٹ اور جہانگیر چوک میں ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف چالان کاٹے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے سرینگر میں مخصوص مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی مسافر بردار گاڑیوں کے ڈرائیور شاہراﺅں کے بیچو بیچ گاڑیاں کھڑی کر رہے ہیں جس وجہ سے بدترین ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ایمبولنس گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو لالچوک میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کا کہنا تھا کہ اب بہانہ بازی نہیں چلے گی بلکہ ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین پر من وعن عمل کرنی ہوگی اگر ایسا نہیں کیا تو اُن کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شام کے وقت اکثر روٹوں پر مسافر بردار گاڑیاں غائب ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس حوالے سے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک جام کو ختم کرنے کی خاطر انتظامیہ اکیلے کچھ نہیں کرسکتی بلکہ اس کیلئے لوگوں کو بھی ٹریفک عملے کے ساتھ اپنا بھر پور دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔ اعجاز اسد کے مطابق شاہراﺅں پر غیر ضروری طورپر ریڈیاں لگانے سے بھی ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہو جاتا ہے اور اس سے نمٹنے کی خاطر بھی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔