(سرینگر) وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں روز افزاں ہو رہے اضافے کے چلتے سری نگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات درج کی گئی۔ منفی درجہ حرارت کے باعث وادی میں کئی ایک آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق ڈل جھیل کو بدھ کی صبح جزوی طورپر منجمند پایا گیا۔ اس کے علاوہ کچھ ایک علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی لائنیں بھی منجمند ہو گئی ہیں جس کے باعث ایسے علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہو کررہ گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کا درجہ حرارت منفی 3.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ رات کو مطلع صاف رہنے کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔