(سرینگر) سرینگر کے دارا ہروَن علاقے میں اتوار کی صبح کو فورسز اہلکاروں کے ساتھ مختصر جھڑپ میں ایک جنگجو کمانڈر ہلاک ہوا ہے ۔ آئی جی پی کشمیر زون وجے کمارکے مطابق ہروَن تصادم میں لشکر طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر ہلاک ہوا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار اعلیٰ الصبح دارا ہروَن کے علاقے کو محاصرے میں لے کر جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود جنگجووں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ فورسز اہلکاروں نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران ایک جنگجو ہلاک ہوا، جس کی بعد میں شناخت لشکر کمانڈر سیف ﷲعرف خالد بھائی ساکن پاکستان کے بطور ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق مہلوک کمانڈر فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش رہتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ خالد بھائی کے خلاف جرائم کی ایک لمبی فہرست موجود ہے اور وہ عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے جبکہ اُس کے خلاف متعدد کیس بھی درج ہیں۔
#SrinagarEncounterUpdate: Killed #terrorist identified as Saifulla @ Abu Khalid @ Shawaz, resident of Karachi (#Pakistan), affiliated with proscribed #terror outfit LeT. He infiltrated in 2016 & was active in general area of Harwan & involved in several terror crimes: IGP Kashmir https://t.co/Ds9xoSXGCg
— Kashmir Zone Police (@KashmirPolice) December 19, 2021
دریں اثنا انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ سرینگر کے دارا ہروَن میں اتوار اعلیٰ الصبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان ایک مختصر جھڑپ میں لشکر طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر جس کی شناخت خالد بھائی ساکن کراچی پاکستان کے بطور ہوئی ہے مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک کمانڈر سال 2016 سے ہروَن دارا علاقے میں سرگرم تھا اور اُس کی سیکورٹی ایجنسیوں کو کافی عرصے سے تلاش تھی۔ علاوہ ازیں پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اس سے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔