(سرینگر) وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے سے ٹھٹھرتی سردی سے لوگوں کو قدرے راحت نصیب ہوئی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 26 دسمبر کی شام سے 28 دسمبر کی سہہ پہر تک بالائی علاقوں میں درمیانی سے بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق اس دوران میدانی علاقوں میں ایک انچ تک برف جمع ہوسکتی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں پانچ سے چھ انچ تک برف جمع ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف باری متوقع ہے جہاں ایک فٹ تک برف جمع ہوسکتی ہے۔ مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے بیشتر مقامات میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے جس سے سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔