(سرینگر) سیاحتی مقام گلمرگ میں محکمہ سیاحت کی جانب سے سیاحت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے ونٹر کارنول کا آغاز کیاگیا ہے۔ گلمرگ میں یہ ونٹرکارنول چوبیس دسمبر سے یکم جنوری دوہزار بائیس تک جاری رہے گا۔ سیکریٹری ٹیورزم جموں وکشمیر سرمد حفیظ اور ڈائریکٹر ٹیورزم ڈاکٹر جی این یتو نے کیک کاٹ کراس ونٹر کارنول کا آغاز کیا۔ سیاحوں کو گلمرگ کی جانب راغب کرنے، سیاحت سے جڑے لوگوں کے روزگار میں اضا فہ کرنے اور سرمائی کھیلوں کے کھلاڑیوں اور فنکاروں کو بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنے کےلئے محکمہ سیاحت نے اس جشن کو منظم کیا۔ سیکرٹری ٹیورزم سرمد حفیظ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیزن کی شروعات ہیں۔ گلمرگ ایک خوبصورت جگہ ہے۔ آج کایہ کارنول ایک دعوت نامہ ہے سیاحوں کے لئے،وہ آئیں اس جگہ کا لطف اٹھائیں، یہاں دنیا کے اچھے سنو سلوپس ہیں۔ ڈائیریکٹر ٹیورزم ڈاکٹر جی این یتو نے کہا کہ یہ خوشی کا مقام ہے کہ گلمرگ میں برفباری شروع ہوئی جو گلمرگ کے لئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے سیاحوں کو دعوت دی کہ وہ کشمیر آئیں اور یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوجائیں۔ ونٹر کارنول کے ایک حصے کے تحت گلمرگ میں موجود تاریخی گرجا گھر میں کرسمس کا تہوار بڑے عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔گلمرگ کے اس گرجا گھر میں منعقدہ کرسمس کی تقریب میں مسیحیت سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں کے ساتھ ساتھ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے مقامی لوگوں اور سیاحوں نے شرکت کی ۔