(سرینگر) جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے حد بندی کمیشن کی ڈرافٹ سفارشات کے خلاف بدھ کے روز یہاں شیخ باغ میں احتجاج درج کیا تاہم احتجاجیوں کو تجارتی مرکز لالچوک کی طرف پیش قدمی کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے جن پر حد بندی کمیشن کی رپورٹ ناقابل قبول ہے، جیسے نعرے درج تھے اور وہ ’لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ ہوش میں آؤ ہوش میں آؤ‘ کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔اس موقع پر پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ آج ہم حد بندی کمیشن کی رپورٹ، رئیل اسٹییٹ پالیسی کے تحت پچھلے دروازے سے یہاں باہر کے لوگوں کو بسانے کی کوششوں، پریس کی آزادی اور حیدر پورہ ہلاکتوں کو لے کر یہاں احتجاج کر رہے ہیں۔