(سرینگر) جموں وکشمیرنیشنل کانفرنس نے حیدرپورہ انکاﺅنٹر سے متعلق پولیس کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی تحقیقات کے سوا معاملے کے معتبر اور اصل حقائق کو سامنا نہیں لایا جاسکتا ہے۔پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ پولیس کی تحقیقاتی رپورٹ سے نہ تو مہلوک معصوم شہریوں کے پسماندگان اور نہ ہی عام لوگوں کے خدشات دور ہوئے ہیں، ساتھ ہی مارے گئے افراد کے گھر والوں نے بھی تحقیقات رپورٹ کو مسترد کیاہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی تحقیقات رپورٹ میں کچھ نیا نہیں بلکہ پرانی تحقیقاتی رپورٹوں کی کہانی دہرائی گئی ہے اور حسب توقع ’وہی مدعی وہی منصف‘ کے مترادف پولیس نے خود کو کلین چٹ دے دی ہے۔ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے روزِ اول سے ہی معاملے کی عدالت تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور ہم آج بھی معاملے کی بغیر تاخیر عدالت تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ ان معصوم شہریوں کے لواحقین کو انصاف دلایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ عدالتی تحقیقات سے ہی نظام میں عام لوگوں کے اعتماد کو بحال کیا جاسکتا ہے۔