(اننت ناگ) ضلع اننت ناگ کے ویری ناگ علاقے کے نوگام گاؤں میں ایک تصادم کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ شروعاتی فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور 19 آر آر کے دو فوجی جوان زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اُنہوں نے زخمیوں کی شناخت 19 آر آر کے روہت یادو اور ایشانت اور پولیس اہلکار دیپک کمار کے طور پر کی ہے۔اہلکار نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی۔انہوں نے کہا، ”جب فورسز کی مشترکہ ٹیم نے مشتبہ جگہ کی تلاشی کا عمل تیز کیا، تو چھپے ہوئے جنگجوﺅں نے فورسز پارٹی پر فائرنگ کی، جس کا جواب دیا گیا“۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کے ابتدائی تبادلے کے دوران، عسکریت پسند موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ علاقے میں محاصرہ جاری ہے۔