(جموں) ویشنو دیوی مندر کٹرہ میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 12 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور ایک درجن سے زیادہ زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بھگدڑ عقیدت مندوں کے بھاری رش کی وجہ سے شروع ہوئی۔ایک سینٸر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ تری کوٹا پہاڑیوں پر واقع مندر کے باہر پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ نئے سال کے موقع پر عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد حاضری دینے کے لیے جمع ہوئی تھی۔عہدیدار نے بتایا کہ بہت زیادہ رش کی وجہ سے بڑی تعداد میں عقیدت مند بغیر اجازت پرچی کے وشنو دیوی بھون میں داخل ہوئے۔انہوں نے 12 عقیدت مندوں کی موت جبکہ ایک درجن سے زائد زائرین کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اسی حوالے سے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ذاتی طور پر ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ سے پیدا ہونے والی المناک صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد اور مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔










