(سرینگر) جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ پچھلے سات دنوں کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں لشکر اور جیش کمانڈر سمیت 11 جنگجووں کو مار گرایا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور اُن کے معاونین کے خلاف فورسز کی جانب سے چلائے جا رہے آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاڈورہ میں جیش سے وابستہ تین ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے بعد پچھلے سات دنوں کے دوران 11ملی ٹینٹ مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں جیش اور لشکر کے اعلیٰ کمانڈر بھی شامل ہیں۔
All the 03 killed #terrorists affiliated with terror outfit JeM . So far one identified as Waseem of #Srinagar City. 3 AK 56 rifles recovered. After killing of Waseem only 1 terrorist is Srinagar resident : IGP Kashmir@JmuKmrPolice https://t.co/gNJQwfZOHy
— Kashmir Zone Police (@KashmirPolice) January 7, 2022
آئی جی پی کشمیر کے مطابق ضلع سرینگر میں سرگرم ملی ٹینٹوں میں سے سبھی کو مارگرایا گیا اور اب ایک بچا ہے جس کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ اُن کے مطابق مذکورہ ملی ٹینٹ نے حال ہی میں جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی ہے۔ دریں اثنا پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ شمالی، جنوبی اور وسطی کشمیر میں سرگرم جنگجووں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف سات دنوں کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں گیارہ ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے ہیں اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ مذکورہ آفیسر نے بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کے باعث جنگجو تنظیموں میں حوصلہ شکنی پائی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر پوری وادی میں فورسز کی چوکسی بڑھائی گئی ہے۔ اُن کے مطابق امن و امان کے قیام کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں دن رات کام کر رہی ہیں اور کسی کو بھی بقول ان کے خرمن امن میں آگ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔










