(سرینگر) دو دنوں کے برف و باراں کے بعد اتوار کے روز موسم میں بہتری دیکھنے کو ملی جس سے بازاروں میں رونقیں بحال ہونے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آنے والے چوبیس سے 48 گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے چند مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری ہو سکتی ہے جس کے بعد 16جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ وادی میں دو دنوں کے برف و باراں کے بعد جہاں شہر وگام کی سڑکیں اور گلی کوچے ہنوز زیر آب ہیں وہی دور دراز علاقوں کی رابط سڑکیں ہنوز بند پڑی ہوئی ہے۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی میں شہر و گام کی سڑکیں کھنڈرات نظر آرہی ہیں جن پر پیدل چلنا بھی مشکل ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجما ن نے بتایا کہ سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4.2 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ریکارڈ کیا گیا ۔گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 15سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ شب منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 16.8سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جبکہ گزشتہ شب منفی 0.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ لداخ کے ضلع لہیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکاڈ کیا گیا ۔بانہال میں 19.8سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ بٹوٹ میں 24.5 سینٹی میٹر اور بدروراہ میں 20.3س ینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے۔صوبہ جموں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں اور جموں میں 28.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔