(سرینگر) جموں و کشمیر میں سکبورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سول انتظامیہ، انٹلی جنس ایجنسیوں اور فورسز کے اعلی عہدیداروں پر مشتمل کور گروپ کی میٹنگ بادامی باغ فوجی چھاﺅنی سرینگر میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت چنار کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے اور پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مشترکہ طور پر کی۔ فوج کے 15ویں کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے اور پولیس چیف دلباغ سنگھ کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران سال 2021 میں سیکورٹی فورسز کو ملی ٹینسی کے خلاف ملی کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ میٹنگ میں بتایاگیاکہ عسکریت سے نمٹنے کے لیے کئے گئے اقدامات کی بدولت سال 2021 میں دراندازی میں کمی آئی۔ اس کے علاوہ مقامی نوجوانوں کی ملیٹنٹ صفوں میں شامل ہونے کے رجحان میں بھی کمی دیکھی گئی۔ کور گروپ نے عسکریت پسندوں کی تازہ حکمت عملی بشمول ہائبرڈ ملی ٹنسی کے استعمال اور سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایس آئی اے اور این آئی اے کی جانب سے ملی ٹنسی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ افسران نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈے کے چیلنج پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جعلی خبروں کو بے نقاب کرنے، بدامنی پھیلانے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنے اور فورسزایجنسیوں کے درمیان فعال اشتراک قائم کرنے پربھی زور دیاگیا۔ میٹنگ میں سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر کشمیر میں مستقل امن قائم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔