(سرینگر) سرینگر پولیس نے مغوی لڑکی کو بازیاب کرکے اغوا کار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دانہ ہامہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے 14جنوری کو پولیس اسٹیشن زکورہ میں ایک شکایت درج کی کہ اس کی بیس سالہ بہن گھر سے کچھ چیزیں خریدنے کے لئے نکلی تھی لیکن وہ واپس نہیں لوٹی۔ انہوں نے بیان میں کہا: ’اس سلسلے میں ’لاپتہ ہونے‘ کی ایک رپورٹ درج کی گئی اور بعد ازاں شواہد کی بنیاد پر معلوم ہوا کہ لاپتہ لڑکی کو محمد ساحل کمار ولد عبدالمجید کمار ساکن راول پورہ سرینگر نے اغوا کیا ہے‘۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن زکورہ میں متعلقہ قوانین کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ دوران تحقیقات پولیس نے شواہد کی مدد سے مغوی لڑکی کو ملزم کی تحویل سے بازیاب کیا اور اس کو قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لواحقین کے حوالے کیا گیا جبکہ ملزم کو گرفتار کیا گیاہے۔