(نئی دہلی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کئے گئے ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال، آرمی چیف جنرل نروانے اور مرکزی حکومت کے اعلیٰ سیکورٹی حکام اور یوٹی کی انتظامیہ نے میٹنگ میں شرکت کی۔ سرکاری ذرائع کے حوالے سے میڈیا خبروں میں بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ نے بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول سمیت جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اطلاعات کے مطابق وزیرِ داخلہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کئے گئے ترقیاتی اقدامات کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔