(جموں) بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر روندر رینہ کا کہنا ہے کہ 370 کی منسوخی کے بعد گوجر اور بکروال طبقے کو ہر سطح پرانصاف فراہم ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ این سی ، پی ڈی پی اور کانگریس نے گوجر بکروالوں طبقے سے وابستہ لوگوں پر مظالم ڈھائے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے پارٹی ہیڈ کواٹر جموں میں ایس ٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ مرکزی حکومت سب کا ساتھ ، سب کا وکاس کے نعرے پر کاربند ہے ۔اُن کے مطابق بھاجپا نے گوجر بکروال طبقے سے جتنے بھی وعدئے کئے اُنہیں پورا کیا گیا اور یہ کہ گوجروں کو اراضی کے مالکان حقوق بھی فراہم کئے گئے۔انہوں نے مزید کہاکہ گوجر اور بکروالوں کو بھی جینا کا حق ہے لیکن سابقہ حکومتوں نے اُن سے یہ حق چھینا تھا ۔بھاجپا صدر کے مطابق این سی ، پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس نے ستر سال کے دوران اُتنے کام نہیں کئے جتنے موجودہ مرکزی حکومت نے چند مہینوں کے اندرا ندر کئے ہیں۔دفعہ 370 کی منسوخی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے بھاجپا صدر نے بتایا کہ اس قانون کے باعث ہی گوجر اور پہاڑی طبقے کے لوگوں پر مظالم ڈھائے گئے۔اُنہوں نے کہاکہ بی جے پی نے دفعہ 370 کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے منسوخ کیا اور اسی کا ثمرہ یہ نکلا ہے کہ آج گوجر اور بکروال طبقے سے وابستہ لوگوں کو ہر سطح پر انصاف مل رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بھاجپا کی موجودہ حکومت نے گوجر اور بکروالوں کو زمینوں کے مالکان حقوق فراہم کئے ۔اُن کے مطابق یہ پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس اور کانگریس ہی ہے جس نے گوجروں کو سرکاری نوکریوں سے محروم رکھا ۔انہوں نے بتایا کہ 370 کی منسوخی کے بعد ملک کے سبھی قانون اب یہاں پر بھی لاگو ہو گئے ہیں ۔رویندر رینہ کے مطابق گوجر بکروالوں کے لئے ایس ٹی کوٹے کے تحت نو نشستیں مختص رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ جب بھی چناو ہونگے بی جے پی پوری طرح تیار ہے اور اگلی حکومت ہماری ہی بنے گی.